5

زیادتی کے واقعات؛ کیا آپ کی پارٹی جاگ گئی؟ فیروز خان کا بختاورسے سوال

کراچی: اداکار فیروز خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی بہن بختاور بھٹو سے خواتین اور بچیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا آپ کی پارٹی جاگ گئی۔

لاہور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔  عوام کے ساتھ حکومت اور شوبزکی معروف شخصیات بھی اس حادثے پر آواز اٹھارہی ہیں اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہی ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو نے بھی لاہور موٹروے حادثے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا مدرسوں سے لے کر  پارکنگ، گھروں میں خواتین و بچوں سے لے کر جانوروں تک عصمت دری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو نظر انداز کیا گیا۔ پاکستان میں جنسی تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ زیادتی ناقابل تلافی جرم ہے۔ اور اس سے آگے بڑھنے کا واحد راستہ  دکھاوا کرنے کے بجائے تعلیم ہے۔ ہمیں  مقابلہ کرنے، آواز اٹھانے اور بہتر تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

فیروز خان نے بختاور بھٹو کے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میں آپ سے پوچھنا چاہتاہوں اتنے سال اقتدار میں رہتے ہوئے آپ کی پارٹی نے کیا کیا؟ کیا آخر کار آپ لوگ جاگ گئے؟واضح رہے کہ فیروز خان ہمیشہ ہی ملکی معاملات پر آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں لاہور موٹروے سانحے پر وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا میں ہمیشہ آپ کے بیان کی تائید کرتا رہوں گا کہ پاکستان ضرور ریاست مدینہ بنے گا۔ لیکن اگر آپ ان بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی نہیں دیں گے تو کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔ صرف ایک مثال بنائیں سرعام پھانسی کی اور یہی میرا مطالبہ ہے۔  

اپنا تبصرہ بھیجیں